Content-Length: 158268 | pFad | https://ur.wikipedia.org/wiki/%D8%B3%DB%8C%D8%A7%D8%B3%DB%8C%D8%A7%D8%AA

سیاسیات - آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا مندرجات کا رخ کریں

سیاسیات

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

سیاسیات (انگریزی: political science) اصطلاحی مفہوم کے اعتبار سے علم سیاسیات سے مراد ریاست کا علم ہے۔ موجودہ دور میں سائنس اور ٹیکنالوجی کیترقی کے باعث ریاست کی ہیت میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ چنانچہ ان تبدیلیوں کے باعث علم سیاسیات بھی ارتقائی منازل طے کرتا چلا گیا ہے۔ علم سیاسیات کی تعریف کرتے ہوئے ارسطو کہتا ہے کہ “علم سیاسیات شہری ریاستوں کا علم ہے۔“ یہ تعریف بہت سادہ ہے اور علم سیاسیات کے جدید تصور کا احاطہ نہیں کرتی۔ دور جدید کے ماہرین علم سیاسیات کی تعریف کے ضمن میں مختلف گروہوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ بعض علم سیاسیات کو ریاست کا علم کہ کر پکارتے ہیں اور بعض حکومت کا علم جبکہ بعض مصنفین علم سیاسیات کو ریاست اور حکومت دونوں کا علم قرار دیتے ہیں۔

ریاست کا علم

[ترمیم]

ریاست کا علم (Knowledge Of The State)؛ چند ماہرین سیاسیات علم سیاسیات کو صرف ریاست کا علم ہی سمجھتے ہیں ان کے نزدیک اس علم کا مطالعہ صرف ریاست تک محدود ہے۔ ان مصنفین کی تعریفات درج ذیل ہیں۔

  • پروفیسر ڈاکٹر گارنر (Prof. Dr. Garner) : "علم سیاسیات کی ابتدا اور انتہا ریاست ہے۔"
  • گریس (Gareis): " تمام اختیارات کا سر چشمہ ریاست ہے اور علم سیاسیات ریاست کی اہمیت مقاصد اور معاشی و معاشرتی مسائل کا بحث کرتا ہے۔"
  • بلخچلی (Bluntschli): " علم سیاسیات ریاست کا علم ہے جو ریاست کے بنیادی حالات اس کی نوعیت اور اس کی ظاہری حیثیت کی روشنی میں اس ادارہ کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔"
  • جی ایچ جیمز (G.H.James): " علم سیاسیات ریاست سے شروع ہوتا ہے اور ریاست پر ہی ختم ہوتا ہے۔"

ان تعریفات کا مرکزی خیال ایک ہی ہے کہ علم سیاسیات بنیادی طور پر ریاست سے متعلق ہے۔ اور اس علم میں مختلف پہلووں سے ریاست کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ گویا یہ مصنفین حکومت کے مسائل کو علم سیاسیات کی بحث میں شامل نہیں سمجھتے۔ مزید براں ان تعریفات میں بہت سے سیاسی موضوعات و نظریات مثلاً رائے عامہ، سیاسی جماعتوں، انتخابات، آزادی اور مساوات وغیرہ کا ذکر نہیں ہے۔

حکومت کا علم

[ترمیم]

حکومت کا علم (Knowledge Of The Government)؛ بعض مصنفین کے نزدیک علم سیاسیات صرف حکومت سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کی تعریفات میں ریاست کا ذکر نہیں ملتا۔ ان مصنفین میں سے اہم تعریفات درج ذیل ہیں۔

  • پروفیسر ڈاکٹر سٹیفن لیکاک (Prof. Dr. Stephen Leacock): "سیاسیات ایسا علم ہے جو حکومت سے تعلق رکھتا ہے۔"
  • پروفیسر سیلے (Prof. Seeley): علم سیاسیات حکومت کے حقائق کی جستجو کرتا ہے جس طرح کہ معاشیات دولت سے تعلق رکھتا ہے۔ بیالوجی زندگی سے، الجبرا اعداد سے اور جیومیٹری کی جگہ اور اس کی وسعت سے۔

ان تعریفات میں ریاست کا ذکر نہیں ملتا۔ علم سیاسیات کے مطالعہ کو فقط حکومت تک محدود کرنا درست نہیں کیونکہ اس طرح اس علم کی وسعت محدود ہو جاتی ہے۔

ریاست اور حکومت کا علم

[ترمیم]

ریاست اور حکومت کا علم (Knowledge Of The State And Government)؛ بعض مصنفین زیادہ حقیقت پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے اس بات کی وضاحت کرتے ہیں کہ علم سیاسیات کا تعلق حکومت اور ریاست دونوں سے ہے۔ اسے صرف ریاست یا حکومت کا علم کہ دینا مناسب نہیں۔ ایسی تعریفات درج ذیل ہیں۔

  • پروفیسر گلکرائسٹ (Prof. Gilchrist): "علم سیاسیات ایسا علم ہے جو ریاست اور حکومت دونوں کی نوعیت سے بحث کرتا ہے۔"
  • گیٹل (Gettell): " علم سیاسیات ریاست اور ریاستوں کے مابین تعلقات سے تعلق رکھنے والا علم ہے اور یہ حکومت کے مختلف اداروں سے بھی بحث کرتا ہے۔"
  • پال جینٹ (Paul Janet): " فرانسیسی مصنف پال جینٹ کا کہنا ہے کہ علم سیاسیات عمرانی علوم کا وہ حصہ ہے جو ریاست کی بنیادوں اور حکومت کے اصولوں سے تعلق رکھتا ہے۔"
  • پروفیسر ڈاکٹر ہارولڈ لاسکی (Prof. Dr.Laski): " علم سیاسیات ریاست کے علاوہ حکومت کی تنظیم اور ارتقا کا بھی احاطہ کرتا ہے۔"
  • ای سی سمتھ (E.C.Smith): " علم سیاسیات معاشرتی علوم کی ایک شاخ ہے جو ریاست کے نظریے اور تنظیم اور حکومت اور اس کی کارکردگی سے متعلق ہے۔"

مزید دیکھیے

[ترمیم]

بیرونی روابط

[ترمیم]

حوالہ جات

[ترمیم]








ApplySandwichStrip

pFad - (p)hone/(F)rame/(a)nonymizer/(d)eclutterfier!      Saves Data!


--- a PPN by Garber Painting Akron. With Image Size Reduction included!

Fetched URL: https://ur.wikipedia.org/wiki/%D8%B3%DB%8C%D8%A7%D8%B3%DB%8C%D8%A7%D8%AA

Alternative Proxies:

Alternative Proxy

pFad Proxy

pFad v3 Proxy

pFad v4 Proxy